Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیاسی منظرنامہ تبدیل؛ شاہد خاقان عباسی کا سرپرائز اعلان

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سرپرائز اعلان کر دیا ہے۔

 سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی پارٹی کی سوچ اور فکر سے متعلق مشاورت جاری ہے، ہم سمجھتے ہیں موجودہ تین بڑی جماعتیں مسائل حل نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ایک نئی سوچ اور نئی پارٹی کی جگہ ہے، سیاسی استحکام کے بغیر ملک کے معاشی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن کی سوچ ہے الیکشن چوری ہوئے ہمیں حکومت میں ہونا چاہیے تھا، حکومت خود اپنے مینڈیٹ سے خائف اور دکھی نظر آتی ہے، حکومت میں شرمندگی کا عنصر بھی ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے معاملات ایک طرف اور سیاست دوسری طرف رہ جائے گی، مجھے حکومت چلتی اور معاملات حل کرتی نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ ہے بھی اور نہیں بھی ہے یہ ان کی سیاسی کامیابی ہے، حکومتی کارکردگی کا جو نتیجہ نکلے گا اس کا وزن  مسلم لیگ (ن) پر ہی پڑے گا۔

سینئر سیاستدان نے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) ملک کے تمام اہم معاشی فیصلے کرتی ہے، وزیر اعظم کمیٹی میں جائیں تو وہ حالات سے زیادہ آگاہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ای سی سی کی صدارت کرنا وزیر اعظم کیلیے ضروری ہے، اگر کام کرنا چاہیں تو ایک تہائی اکثریت بھی بہت ہے، محنت کریں فیصلے کریں تو پھر آپ کو کوئی نہیں روک سکتا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ  اگر فیصلے نہ کریں تو پھر بہانہ بن جاتا ہے کہ کام نہیں کرنے دیا گیا، جسے کام نہیں کرنے دیا جاتا تو اس کو استعفیٰ دے کر گھر چلے جانا چاہیے۔

متعلقہ خبریں