Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مسیحی برادری ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، وزیر داخلہ

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مسیحی برادری ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کو ایسٹر کی خوشیاں مبارک ہوں، ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسٹر خوشیاں تقسیم کرنے کا تہوار ہے، ایسٹر انسانی زندگی میں بھلائی اور صالح اوصاف کی طرف مائل ہونے کے جذبہ کا مظہر ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ مسیحی برادری امن پسند اور ہمارے لئے قابل احترام ہے، مسیحی برادری نے نہ صرف تحریک پاکستان میں اپنا حصہ ڈالا بلکہ ملک کی ترقی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات، وطن سے محبت اور وابستگی شک وشبہ سے بالا تر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے لیے بلا تفریق مذہب و نسل مساوات، آزادی اور سلامتی کی تلقین کی، ہمیں آج محبت، بھائی چارے اور اتحاد کے پیغام کو عام کرنے کا عہد کرناہے۔

متعلقہ خبریں