Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم نے اگلے 5 سالوں کیلئے وزارتوں کے اہداف مقرر کردیئے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اگلے 5 سالوں کیلئے وزارتوں کے اہداف مقرر کردیئے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ  وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتوں کو اہداف کے مطابق ٹاسک دیے ہیں، انہوں نے  وزارتوں کو آئی ایم ایف کے اہداف پورا کرنے کا ہدف دیا ہے، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ہدف دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کے لیے اہداف دیے گئے ہیں، وزارتِ داخلہ کو غیرقانونی اسلحے کے خلاف کریک ڈاؤن کا ہدف دیا ہے، ٹیکنالوجی کے ذریعے وزارتوں کی کارکردگی کو جانچا جائے گا، کابینہ اجلاس میں وزارتوں سے جواب طلبی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارتِ تجارت کو تجارتی خسارے کو کم کرنے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی ٹارگٹ دیا گیا ہے جبکہ وزارتِ نج کاری کو پی آئی اے کی نج کاری کا ہدف دیا گیا ہے، پی آئی اے سے متعلق مذاکرات کامیابی سے منطقی انجام تک پہنچ چکے ہیں، پی آئی اے کی نج کاری ہو گی تو حکومت کو اس مد میں ریونیو آئے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے، پاکستان میں غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کے حوالے سے بھی اہداف مقرر کیے گئے ہیں، کل وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، ہر وزارت کو قلیل المدت، وسط مدت اور طویل المدت اہداف دیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ  ہر وزارت کو حقیقت پر مبنی اہداف دیے گئے ہیں، متوازن کابینہ آئی ہے، خود احتسابی کا بھی نظام وضع کیا گیا ہے، پاکستان میں جتنے قوانین پاس ہوتے ہیں اس کے لیے ای پورٹل بنایا جائے گا۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ دنیا میں ہمارے آئی ٹی ماہرین کی مانگ ہے، پے پال جیسی سہولتوں کو فعال کرنا اور ملک میں جدید ڈیجیٹل نظام لانا اہم اہداف ہیں، کوشش کریں گے کہ ایکس، فیس بک اور انسٹاگرام کے دفاتر پاکستان میں کھولے جائیں۔

متعلقہ خبریں