اسلام آباد: پاکستان نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اسرائیل کو ایسے عمل سے روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان متاثرین کے اہل خانہ، ایرانی عوام اور ایران کی حکومت کے ساتھ غم میں برابر کا شریک ہے، حملہ شام کی خودمختاری کے ساتھ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 1961 کے سفارتی تعلقات کے ویانا کنونشن کے تحت سفارت کاروں یا سفارتی سہولیات کے خلاف حملے بھی غیر قانونی ہیں، سلامتی کونسل اسرائیل کو خطے میں مہم جوئی سے روکے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل اسرائیل کو پڑوسیوں پر حملے اور سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنانے جیسے غیرقانونی اقدامات سے باز رکھے۔



















