Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سڑکوں اور بازاروں میں کوڑا کرکٹ نہیں نظر آنا چاہیے، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سڑکوں اور بازاروں میں کوڑا کرکٹ نہیں نظر آنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔

اس کے علاوہ ملاقات میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم آؤٹ سورس کرنے کے لئے مجوزہ معاہدے کا جائزہ بھی لیا گیا۔

دوران اجلاس وزیراعلیٰ مریم نواز نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام نافذ کرنے کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ٹرانسفر سٹیشن پر نامیاتی، غیر نامیاتی، ائرن اور پلاسٹک ویسٹ کی چھانٹی کی جائے گی، صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر 23 لینڈ فل سائٹس اور 66 ٹرانسفر سٹیشن بنائے جائیں گے۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبائی وزیر ذیشان رفیق کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی آؤٹ سورسنگ میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ کا حکم دے دیا اور فنانشل شیئر اور سبسڈی لینے والی واسا کمپنیوں کی کارکردگی کا تجزیہ کرنے کی ہدایت دی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ سڑکوں، بازاروں میں کوڑا کرکٹ نہیں نظر آنا چاہیے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی کوڑا کرکٹ اٹھانے والی گاڑیوں کو بھی صاف ستھرا رکھا جائے، صفائی کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا، کوتاہی برداشت نہیں۔

واضح رہے کہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، سیکریٹریز، کمشنر، ڈپٹی کمشنرلاہور، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں