Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان متحدہ عرب امارات کیساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے، عطاء تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارتی اور کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

وزیر اطلاعات عطاء تارڑ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی کی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وفاقی وزیر عطاء تارڑ نے معیشت کی بہتری کے لیے مشترکہ روڈ میپ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ ورثے اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی مضبوط تعلقات ہیں، پاکستانی عوام متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

دوران ملاقات عطاء تارڑ نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو حکومت کے معاشی اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ ایف بی آر میں ٹیکس اصلاحات لائی جا رہی ہیں اور اقتصادی شعبے کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے سفیر نے ملاقات کے دوران بشام میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے مطابق وہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے اور پاکستان کی معاشی ترقی کے ساتھ کھڑا ہے۔

متعلقہ خبریں