اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم آج یوم القدس پر صیہونی جارحیت اور ظلم و جبر کی مذمت کرتی ہے اور اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے القدس کے عالمی دن اور جمعۃ الوداع کے موقع پر اپنے جاری کردہ پیغام میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف مظالم بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر سے اب تک غزہ میں سترہ ہزار بچوں سمیت بتیس ہزار فلسطینی شہید اور ستر ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔ اسپتالوں، پناہ گزینوں کے کیمپوں اور بچوں کے اسکولوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا ہے اور انسانی امداد تک رسائی کو روک دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے جنگ بندی کی قرارداد کے باوجود غزہ میں معصوم شہریوں پر بلا اشتعال بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی قبضے سے فلسطینیوں کی آزادی اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک بے مسلح فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ جمعۃ الوداع کے موقع پر اپنے فلسطینی اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھیں اور اللہ تعالیٰ سے ان کی مشکلات میں آسانی کے لیے دعا کریں۔
انہوں نے قوم سے بھی اپیل کی کہ وہ جمعتہ الوداع کے موقع پر پاکستان کی امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کریں۔



















