Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خواجہ سلمان رفیق کی آنکولوجی ایکسپرٹس سے دوسری ملاقات

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں آنکولوجی ایکسپرٹس سے دوسری ملاقات ہوئی جس میں آنکولوجی ایکسپرٹس کے ساتھ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

آنکولوجی ایکسپرٹس نے اس موقع پر انتہائی عمدہ تجاویز اور آراء پیش کیں۔

دوران ملاقات سی ای او آئی ڈیپ اور سیکریٹری صحت نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے حوالہ سے بریفنگ بھی دی۔

خواجہ سلمان رفیق نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج تمام آنکولوجی ایکسپرٹس سے دوسری نشست ہو رہی ہے،تمام آنکولوجی ایکسپرٹس نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے حوالہ سے انتہائی قیمتی تجاویز پیش کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کیلئے ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ کینسر کیئر اسپتال بنانے جا رہی ہے، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پنجاب میں پہلا سرکاری کینسر اسپتال اور ریسرچ ادارہ ہوگا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کینسر کیئر اسپتال لاہور میں آنے والے مریضوں کو ہر سہولت دستیاب ہو گی اور یہ اسپتال لاہور میں 240 بستروں اور 6 منزلہ عمارت پر مشتمل ہوگا۔

خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ نواز شریف کینسر کیئر اسپتال میں فلٹر کلینک، ہاسٹلز، کیفے ٹیریا اور سرائے بھی بنایا جا رہا ہے، تمام آنکولوجی ایکسپرٹس کی قیمتی تجاویز کو نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کی تعمیر میں ضرور اہمیت دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ملاقات میں سیکریٹری صحت پنجاب علی جان خان، اسپیشل سیکریٹری سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن (ر) شامیر و دیگر افسران نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ ملاقات میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز و دیگر ایکسپرٹس بھی شریک تھے۔

بعدازاں وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے انا صبیح، خرم خان، پروفیسر ڈاکٹر اعجاز مسعود، اعجاز ناصر، واصف علی، بشریٰ احسن، اسد پرویز، اظہر شفیق، رضا سید، شالان بیگ، وقاص علی، محمد آصف، ڈاکٹر رب نواز مکین، محمد عباس کھوکھر، شوکت مرزا، پروفیسر ڈاکٹر سعد عثمانی، فرحان راشد، فیصل حنیف، ہارون جاوید ماجد، محمد سیف، ڈاکٹر عدنان خان، پروفیسر عامر نثار اور قیصر بشیر سمیت دیگر آنکولوجی ماہرین نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں