مکہ مکرمہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ون آن ون ملاقات ہوئی، تاہم سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم اور وفد کے ارکان کا استقبال کیا۔
دوران ملاقات وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی بلندی کی رفتار کو سراہا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی
وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی حکام کی جانب سے اپنے اور ان کے وفد کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔
بعدازاں الصفا پیلس میں ہونے والی ملاقات میں ولی عہد بحرین بھی شریک ہوئے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں افطار ڈنر بھی دیا، افطار ڈنر میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفد کے دیگر ارکان بھی شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وفاقی کابینہ کے ارکان بشمول اسحاق ڈار، خواجہ آصف، محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، عطاء اللہ تارڑ اور احد چیمہ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔



















