لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالفطر پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ چاند رات اور عیدالفطر پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں،عیدالفطر کے اجتماعات خصوصاً مساجد اور امام بارگاہوں کے لئے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ چاند رات اور عیدالفطر پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں، مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ سینٹرز میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ سینئر پولیس حکام چاند رات اور عیدالفطر پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں، امن عامہ کیلئے پولیس کو محنت اور جانفشانی سے کام کرنا ہو گا، وضع کردہ سیکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد ہونا چاہیے۔



















