اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیر اعظم شہباز شریف کو عید کی مبارکباد دی۔
اس دوران صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک دوسرے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آج خوشیوں بھرا تہوار عیدالفطر مذہبی اور پورے جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہے۔
عید الفطر کی نماز کے اجتماعات آج ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، گاؤں دیہاتوں کی بڑی مساجدوں، عید گاہوں، پارکس اور کھلے میدانوں میں منعقد کیے گئے۔
عید کے اس پُرمسرت موقع پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے قوم کے نام اپنے ایک پیغام میں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج کا دن ہمیں تمام رنجشیں بھلانے کا درس دیتا ہے، اور اپنے تمام چھوٹے بڑے رشتہ داروں کے ساتھ خوشیاں منانے کا پیغام دیتا ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ قوم اس موقع پر پاک فوج کے شہداء کو یاد رکھے، ان بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے آج پاکستان قائم ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میں قوم اورامت مسلمہ کیلئے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے ہمیں رمضان کی سعادتیں اور خوشیاں نصیب ہوئی، عید خوشیاں بانٹنے اور معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثاروقربانی کا دن ہے۔



















