لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عید پر باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبات کو فروغ دیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ملت اسلامیہ اور اہل پاکستان کو عیدالفطرکی مبار کباد دی اور اپنے پیغام میں کہا کہ دعا ہے کہ عید کا دن اور ہر دن وطن عزیز کے ہر فرد کے لئے خوشی کا پیغام لائے، دعا ہے ارض پاک پر اترنے والی خوشیوں کو کبھی زوال نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع ملا، عید الفطر مسلمانوں کے لئے اللہ تعالیٰ کا خاص انعام اور تحفہ ہے، عید الفطر مسلمانوں کے لئے یوم تشکر بھی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عید کے روز محبت اور بھائی چارے کا فروغ تشکر کا تقاضا ہے، عید کے موقع پر نادار لوگوں کو بھی خوشیوں میں شریک کرنا سنت نبویؐ ہے۔
انکا کہنا تھا کہ اپنے ارد گرد ضرورت مند لوگوں کو جان کر مدد کرنا مستحسن عمل ہے، چھوٹے اور گھریلو ملازمین کو شریک کرنے سے عید کی خوشیاں دوبالا ہوجاتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ نبی کریم حضرت محمدﷺ عید کے روز یتیموں کی دلجوئی اور خاطر داری کیا کرتے تھے، وطن کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے اہلخانہ کو عید کے روز خصوصاً یاد رکھنا چاہیے۔



















