بیساکھی میلے پر آئے بھارتی سکھ یاتریوں کی واہگہ بارڈر سے واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
سکھ یاتریوں نے اپنے اس دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان آکر بہت خوشی محسوس ہوئی، پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، حکومت پاکستان نے بیساکھی میلے پر بہت اچھے اقدام کیے ہیں، پاکستان کی مہمان نوازی کوعمر بھر فراموش نہیں کرسکتے۔
سکھ یاتری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں ہمیں وی وی آئی پی پروٹوکول ملا، پنجہ صاحب، ننکانہ صاحب اور کرتا پور میں بہت محبتوں سے نوازا گیا، حکومت کی جانب سےکی گئی مہمان نوازی کی دنیامیں مثال نہیں ملتی۔
رمیش سنگھ اروڑہ نامی سکھ یاتری نے کہاکہ تمام سکھ یاتریوں کو بہت عزت اوراحترام دیا، حکومت نے سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی کےلیےہدایت دی اور خصوصی طور پر کرتا پور صاحب گئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے گندم کٹائی کی مہم کرتار پور سےشروع کی۔
انہوں نے بتایاکہ مریم نواز نے بیساکھی میلے کو سرکاری سطح پرمنانےکاحکم دیا،پاکستان میں سکھ یاتریوں کومکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، ہم نےکوشش کی کہ پاکستان سےامن و محبت کا پیغام لیکرجائیں۔



















