وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں۔
مزار قائد کے بعد وزیر اعظم شہبازشریف وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بڑے مسائل جلد حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ 2022 کے سیلاب نے تباہی پھیلائی تھی، سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد تعمیر نو کا مرحلہ شروع ہوا۔
مراد علی شاہ نے بتایاکہ اتفاق ہوا تھا 70 فیصد فنڈ ڈونر ایجنسیز فراہم کریں گے، 30 فیصد فنڈنگ وفاقی اور سندھ حکومت مہیا کرے گی، ڈونر ایجنسیز نے 557.79 ارب روپے دیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر 50 کروڑ ڈالر کا پراجیکٹ ہے، سندھ حکومت نے 25 ارب روپے جاری کیے، وفاق نے فنڈ نہیں دئیے ، اسکولوں کی تعمیر کا پراجیکٹ 11 ہزار917 ملین روپے کا ہے، گزشتہ 4 سال نئی اسکیمز میں وفاق نے سندھ کو نظر انداز کیا۔
ملاقات میں ڈائریکٹ کٹوتیوں کے بعد فنڈز کی واپسی نہ ہونے پر بھی بات چیت کی گئی ، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو تمام مسائل مل بیٹھ کرحل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ملکرعوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔



















