وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وفاق کی ہر ممکن مدد کے لئے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی سمیت سندھ بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا معاملہ اٹھایا۔
مراد علی شاہ کی جانب سے وزارت بجلی کے زیر استعمال حیسکو اور سیپکو کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ سے غریب عوام پریشان ہے، عوام کو حیسکو اور سیپکو کی نااہلی پر نہیں چھوڑ سکتے۔
اس موقع پر وفاقی وزارت توانائی نے لائن لاسز اور نان پیمنٹ کے اشوز اٹھائے۔
ملاقات میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔



















