Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں سے مذاکرات، تضاد بیانات نے نئی بحث چھیڑ دی

پی ٹی آئی رہنماؤں کے اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے بیانات نے نئی بحث چھیڑ دی۔

ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے پی پی اور ن لیگ سے مذاکرات کا امکان رد کردیا جبکہ شبلی فراز نے تمام جماعتوں سے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کردیا ہے۔

دوسری جانب حکومتی اتحادی جماعتوں نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے بیان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ تحریک انصاف اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں دھکیلنے سے گریز کرے۔

ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی صرف اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرے گی، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شبلی فراز نے اپنے ہی پارٹی ترجمان کے بیان کی نفی کرتے ہوئے تمام جماعتوں سے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کردیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ن لیگ اور پی پی سمیت تمام جماعتوں سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔

دوسری جانب حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے  پی ٹی آئی  کے بیانات پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سوچ سیاسی نہیں، یہ اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے دوبارہ مسلط ہونا چاہتی ہے۔

رانا ثنااللہ نے مسائل کے حل کیلئے تمام جماعتوں کو مل بیٹھ کر معاملات طے کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا تحریک انصاف اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا مطلب اور خواہش پوری کرلے۔

پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا پی ٹی آئی فوج کو دوبارہ سیاست میں دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی  مس کال کے منتظر ہیں کہ وہ آئے اور پھر اُن سے مذاکرات کریں، لیکن تحریک انصاف کو یہ سہولت میسر نہیں ہے ، اگر آپ کو مذاکرات کرنے ہیں تو سیاسی جماعتوں کے ساتھ کریں۔

متعلقہ خبریں