لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل 11 مئی کو نواز شریف کو پارٹی صدر منتخب کرے گی، جنرل کونسل اجلاس لاہور میں ہوگا ملک بھر سے ساڑھے 3 ہزار سے زائد اراکین شرکت کریں گے، تاہم تمام کونسل اراکین کو اجلاس میں شرکت کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ن لیگ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن پنجاب کی گزشتہ اجلاس میں منظور کردہ قرارداد جنرل کونسل میں پیش ہوگی، نوازشریف کے بلا مقابلہ پارٹی صدر منتخب ہونے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف پہلے دوبارہ پارٹی صدر بننے کو تیار نہیں تھے، خود وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سینیر رہنماؤں نے انھیں آمادہ کیا۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق شہباز شریف وزیراعظم اور مریم نواز وزیر اعلیٰ ہوتے ہوئے پارٹی کو وقت نہیں دے رہے، نواز شریف صدر منتخب ہونے کے بعد مرکزی اور صوبائی سطح پر پارٹی کی تنظیم نو کریں گے۔



















