وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کے آج جاری ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2016 میں میرے قائد نواز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا، یہ ایس بی اے دوسرا پروگرام ہے جو مکمل ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 16 ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں آئی ایم ایف سے یہ معاہدہ اہم ثابت ہوا تھا، پاکستان کے معاشی تحفظ کے لئے تلخ اور مشکل فیصلے کئے لیکن ان کے ثمرات معاشی استحکام کی صورت سامنے آرہے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے معیشت کو بہتر بنانے کا موقع دیا ہے، پوری جان لڑائیں گے، پاکستان کو معاشی ترقی دلائیں گے، قرض لینا کامیابی نہیں، کامیابی اس دن ہوگی جس دِن قرض سے نجات پائیں گے، اسی جذبے سے درست سمت میں تسلسل سے محنت جاری رہی تو قرض سے نجات اور معاشی خوشحالی کا دور بھی جلد آئے گا۔
وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت تمام معاشی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ آئی ایم ایف کی ایم ڈی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا۔



















