پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے بڑا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر سنجیدگی سے غور کرے۔ سیاسی جماعتیں سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 اپریل کے بعد سے معاملات سنبھل نہیں رہے جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا مسائل حل نہیں ہوں گے۔ اس حکومت کو ہم جائز حکومت نہیں مانتے۔ ہم انہیں فارم 47 کی حکومت سمجھتے ہیں لیکن مذاکرات انہیں سے ہونے ہیں تاہم بات چیت کی منظوری تو بانی پی ٹی آئی دیں گے۔
علی محمد خان نے رانا ثنا اللہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دینے کے جواب میں کہا کہ رانا ثنا اللہ نکات سامنے لائیں، پی ٹی آئی کور کمیٹی غور کرے اور بانی پی ٹی آئی منظوری دیں تو معاملہ حل ہوسکتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ کیا حکومت مینڈیٹ کی واپسی پر راضی ہوگی، ہماری جانب سے تو بات چیت کی منظوری اڈیالہ سے آئے گی لیکن ان کی منظوری کہاں سے آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ کی واپسی کا روڈ میپ ہونا چاہیے۔ کیا حکومت مینڈیٹ کی واپسی پر راضی ہے۔



















