وزیرِ اعظم کا کہنا ہےکہ پاکستان خوش قسمت ہے جسے سعودی عرب جیسا خیر خواہ دوست میسر ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اجلاس کو اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات پر مجھ سمیت پوری قوم ان کی شکر گزار ہے۔
انہوں نے کہاکہ دورہ سعودی عرب کی بہترین تیاری کیلئے تمام متعلقہ وزراء اور افسران کی کوششیں قابل تحسین ہیں، سعودی قیادت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی، جو خوش آئند ہے۔
اجلاس کو سعودی عرب کی جانب سے کاروباری شخصیات کے اعلیٰ سطحی وفد کے آئندہ چند روز میں دورہ پاکستان کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے سعودی وفد کی بہترین مہمان نوازی کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ امید ہے سعودی وفد کے ساتھ پاکستانی کاروباری شخصیات کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ہونگی، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سعودی فرامانروا عزت مآب سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اسکی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء جام کمال خان، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل، ایس آئی ایف سی کے قومی کوارڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو وزیرِ اعظم کے دورہ سعودی عرب کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے کاروباری وفد کی اسلام آباد آمد اور متوقع شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔



















