نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات ہوئی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گیمبیا کے شہر بنجول میں 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی صورتحال کا جائزہ لیا اور پاک ترکیہ دوستی کے مضبوط بندھن پر زور دیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق دوران ملاقات دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی اور دفاعی شعبوں پر خصوصی توجہ کیساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے کا بھی عزم کیا۔
اس سے قبل اسحاق ڈار نے شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے بھی دو طرفہ ملاقات کی، جوکہ گیمبیا کے شہر بنجول میں 15 ویں او آئی سی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کی اہمیت کا ذکر کیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان میں اقتصادی تعاون اور سعودی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔



















