پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی کی کامیابی پر اظہارِ مسرت کیا ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے باہمت پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی کو دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مکالو سر کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ان کی کامیابی تمام پاکستانیوں کے لیے انتہائی فخر و خوشی کا لمحہ ہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ نائلہ کیانی کی تاریخی کامیابی اور ہر چوٹی پر پاکستانی پرچم لہرانے کا ان کا غیر متزلزل عزم باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کا نام روشن کرنے والے تمام پاکستانی ایتھلیٹس اور ایڈونچررز کی کاوشوں کی حمایت اور فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
ناٸلہ کیانی نے نیپال کی 8485 میٹر دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی ’مکالو‘ آج مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 35 منٹ پر کامیابی سے سر کرلی۔
پاکستانی خاتون نائلہ کیانی تاریخ میں 8 ہزار میٹر کی 11 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔
کوہ پیمائی کی صلاحیتوں سے ہٹ کر نائلہ کیانی نے مختلف شعبوں میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک و قوم کا نام بلند کیا ہے۔
نائلہ کیانی ایک ایرو اسپیس انجینئر ہیں، حکومت نے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز ایوارڈ سے بھی نوازا ہے۔



















