Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سائفر کیس سے متعلق سماعت 8 مئی تک ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس سے متعلق سماعت 8 مئی تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ سائفرکیس کی سماعت کے دوران جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسارکیا کہ مناسب حفاظت ہے کیا اس بارے میں عدالت کو آگاہ کریں ، وہ اس کی حساسیت سے آگاہ تھے یا نہیں؟

ایف آئی اے پراسیکیوٹرنے بانی پی ٹی آئی کی یوٹیوب تقریرکے ٹرانسکرپٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے یوٹیوب پر سائفرکے حوالے سے بتایا ہوا ہے، خفیہ دستاویزاگر لیک ہو جائیں تو ملکی راز افشاں ہوجاتا ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سابق وزیراعظم خفیہ دستاویز کی حساسیت سے واقف تھے اور انہوں لاپرواہی کی؟

ایف آئی اے پراسیکیوٹرحامد علی شاہ نے مختلف بھارتی عدالتوں کے فیصلوں کا حوالہ دیا۔ بتایا کہ سائفر وصول کرنے کا کہیں بھی انکارنہیں کیا گیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسارکیا کہ اعظم خان کا بیان کہتا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم کو کاپی دے دی، ملزم کا اپنا اعتراف 342 کا بیان اورایک ٹی وی چینل پرانٹرویو شامل ہے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹرنے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل کی میٹنگ میں اس کی بات کی ہے، فرض کرلیا جائے کہ ٹرائل ٹھیک نہیں ہوا پھر بھی دوسرا اور اور تیسرا چارج ٹھیک ہے۔

اسپیشل پراسیکیوٹر حامد علی شاہ نے کہا کہ اس ہفتے میں مکمل کرلوں گا جس پرعدالت نے کہا کہ اگرایک میں بریت ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں سب میں بریت ہے، اگرایک میں سزا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں سب میں سزا ہے۔ اسی کے ساتھ عدالت نے سائفر کیس کی سماعت 8 مئی بہ روزبدھ تک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں