Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قیدیوں کی سیکیورٹی ہمارا اندرونی مسئلہ ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ قیدیوں کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی مسئلہ ہے، ہمیں پاکستان کے اندرونی مسائل پر کسی کی ہدایات کی ضروت نہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی دفتر خارجہ نے دنیا بھر میں قیدیوں کے حوالے سے عام بیان دیا، پاکستان قیدیوں کے حوالے سے اپنی قوانین جن میں انصاف کی فراہمی بنیادی نکتہ ہے کے تحت عمل کرتا ہے، ہمیں اپنے قوانین کے حوالے کسی دوسرے سے نصیحت کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عدلیہ کا ایک آزادنہ اور شفاف نظام ہے، عدلیہ قانون کے مطابق فیصلے کرنے میں آزاد ہے، انصاف کی فراہمی پاکستان کی عدلیہ کا ایک بنیادی ستون ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مختلف معاملات پر مذاکرات جاری ہیں، سعودی سرمایہ کاری کو پاکستان میں بڑھانے پر بھی بات چیت کی جا رہی ہے، وزیر منصوبہ بندی وزیر احسن اقبال کا چین کا دورہ سی پیک اور اس کے منصوبوں سے متعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب قریبی دوست ہیں، پاکستانی مشن عافیہ صدیقی اور امریکی اتھارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے اپنی پریس کانفرنس میں واضح بتایا ہے کہ پاکستان کے پاس بشام حملہ آور کا افغانستان کی سرزمین سے منسلک ہونے کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ افغان اتھارٹی نے اس حوالے سے جو پاکستان پر الزامات لگائے ہیں ان کو مسترد کرتے ہیں، افغان اتھارٹی کو افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، بشام حملے میں ملوث دہشت گردوں کے رابطوں کا جب ڈیٹا ملا تو وہ افغان اتھارٹی کے ساتھ شیئر کیا گیا تھا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا چاہتا ہے، جی سی سی ممالک کے ساتھ بھی پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں، ایران پاکستان کا پڑوسی ہے، ایران کے صدر کا دورہ پہلے سے متوقع تھا، اس طرح کے دورے پہلے سے ہی پلانگ میں ہوتے ہیں، موجود وقت میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کوئی ڈائیلاگ نہیں ہورہے ہیں۔

متعلقہ خبریں