وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ میں جیل کی تعمیر کے پہلے مرحلے کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ محسن نقوی نے جیل کی تعمیر کا منصوبہ 6 ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نےاسلام آباد کے سیکٹر ایچ میں زیر تعمیر جیل کا دورہ کیا اور زیر تعمیر جیل کا معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے جیل کی تعمیر کے پہلے مرحلے کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا اور چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو تعمیراتی سرگرمیوں پر باقاعدگی سے پیش رفت کا جائزہ لینے کی ہدایت دے دی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 7 برس تک منصوبے کو لٹکائے رکھنا صریحا نااہلی ہے، دن رات کام کر کے جیل کی تعمیر کا کام ٹائم لائن میں مکمل کیا جائے، ضروری عملے کی تعیناتی کے عمل بھی فوری شروع کیا جائے، منصوبے کی تکمیل کے لیے وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیر تعمیر منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات بھی دیں۔
چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں جیل کی تعمیر کا منصوبہ 2017 میں شروع ہوا، کئی برس کے بعد بھی اس ۔منصوبے کو مکمل نہیں کیا جاسکا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جیل میں 2 ہزار قیدی رکھنے کی گنجائش ہو گی، 2 ہزار مزید قیدی رکھنے کی گنجائش بڑھائی جا سکے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، آئی جی پولیس اسلام آباد، کنٹریکٹرز، کنسلٹنٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔



















