Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کاروبار میں آسانی کیلئے تجارتی پالیسی تیار کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاروبار میں آسانی اور سہولت پر مشتمل تجارتی پالیسی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت تجارت کے شعبے کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ایسی تجارتی پالیسی تیارکرنے کی ضرورت ہے جس سے کاروبار میں آسانیاں اور سہولت ہو، اس دوران انہوں نے ملکی برآمدات کو مزید مسابقتی بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ غیر روایتی اشیاء کی برآمدات کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں، تجارت اور کاربار میں آسانی کے حوالے سے پالیسیاں بناتے ہوئے نجی شعبے سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے، ملکی ترقی میں نجی شعبے اور صنعت کا کردار انتہائی اہم ہے ۔

انہوں نے انڈسٹری کے مصدقہ ڈیوٹی ڈرابیکس فوری ادا کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ملکی آٹو سیکٹر کی ترقی کے لئے ڈیلیشن پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

دوران اجلاس وزیراعظم نے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں تعینات ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کی کارکردگی جانچنے کے لئے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے ٹریڈ افسران کی پزیرائی ہو گی جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والے افسران کی سخت سرزنش کی جائے گی اور انہیں عہدوں سے ہٹایا جائے گا، برآمدی شعبے کا ہر ماہ میں دو دفعہ خود جائزہ لیں گے۔

اجلاس کو تجارتی اور برآمدی شعبے میں حالیہ پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت کے حوالے سے بات چیت حتمی مراحل میں ہے، ازبکستان اور تاجکستان کے ساتھ راہداری تجارتی معاہدے فعال ہو چکے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ اسلام آباد میں منعقدہ حالیہ پاک سعودی بزنس کانفرنس میں 450 بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں ہوئیں، ای- کامرس کے حجم میں بتدریج اضافہ ہو رہاہے، پاکستان ٹریڈ پورٹل ہر 3 ہزار سے زائد کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں نگرانی کا عمل سخت کیا گیا ہے، پبلک سیکٹر انشورنس کمپنیز کے پریمئم گروتھ ڈبل ڈیجٹ میں ہے، جیم ایکسپورٹ فریم ورک پر  کام حتمی مراحل میں ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ایران اور روس کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کی آپریشنلائیزین کے حوالے سے دونوں ممالک نے اصولی رضامندی کا اظہار کیا ہے، آذربائجان اور افغانستان کے ساتھ پریفرینشیل تجارتی معاہدے کے حوالے سے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کی جا رہی ہے، نئی اسٹریٹیجک ٹریڈ پالیسی کے حوالے سے ضروری مشاورت کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں