ملک بھر میں بارش کا ایک اور سسٹم داخل ہو گیا ہے، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں بادل برس پڑے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہری پور، مانسہرہ، بالاکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، وادی کاغان ناران میں بھی موسم سرد ہوگیا، بارش کا سلسلہ مزید ایک دن جاری رہے گا۔
اسلام آباد میں بعض مقامات پر بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
وفاقی دارالحکومت پر چھائے گھنے بادلوں کے باعث دن میں بھی رات کا سماں ہے۔
اٹک و گردونواح کے علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بالائی پنجاب اور بلوچستان میں بھی آج اور کل تیز بارش کی پیشگوئی کردی۔
پانی برسنے سے درجہ حرارت گرنے کی توقع ہے تاہم سندھ اورپنجاب کے میدانی علاقے بدستور گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، ہیٹ ویو کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔



















