لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گلی محلوں میں نکاسی آب کا پائیدار نظام وضع کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت لوکل گورنمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ڈرینج وسیوریج سسٹم اور گلیوں کی مرمت وبحالی پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران مضافاتی آبادیوں میں اسٹریٹ لائٹس، پارک اینڈ ہارٹیکلچر پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے ہر علاقے میں بلا امتیاز ڈویلپمنٹ کرائی جائے، کوئی حصہ محروم نہ رہے، شہر کی کوئی گلی کچی نہ رہے، پانی کے نکاس کا پائیدار نظام بھی وضع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ واسا، ایم سی ایل اور دیگر متعلقہ ادارے مربوط اور منظم انداز میں کام کریں، کسی گلی محلے میں کھڑے پانی سے عوام کو ہونے والی تکلیف برداشت نہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ٹوٹی گلیوں، گلی محلوں اور سڑکوں پر کھڑا گندا پانی اور ابلتے گٹروں دیکھنا تکلیف دہ امر ہے، تمام ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔
واضح رہے کہ سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق، معاون خصوصی ذیشان ملک، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکریٹریز، کمشنر ڈپٹی کمشنر ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر موجود تھے۔



















