وزیراعظم شہباز شریف نے ن لیگ کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 18 مئی کو طلب کر لیا گیا ہے۔
(ن) لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے تمام اراکین مجلس عاملہ کو اجلاس کا نوٹس ارسال کردیا۔
نوٹس کے مطابق اجلاس 18 مئی ہفتے کو دن ساڑھے 11 بجے 180 ایچ بلاک ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی سمجھتی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف حکومتی مصروفیات کی وجہ سے پارٹی پر پوری طرح توجہ نہیں دے پارہے لہٰذا پارٹی کو ملک بھر میں فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی کا صدر منتخب کیا جائے گا۔



















