Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبہ بھر میں خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فعال کرنے کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں غیر فعال اور خراب فلٹریشن پلانٹس کو فعال کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت آب پاک اتھارٹی سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب بھر میں 5027 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی صورتحال پر رپورٹ پیش کی گئی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام فلٹر یشن پلانٹ کا انتظام ایک ہی اتھارٹی کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے کھارے پانی والے علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نئے فلٹریشن لگانے کی ہدایت دے دی۔

مریم نواز نے صوبے بھر میں غیر فعال اورخراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فوری فنکشنل کرنے کا بھی حکم دیا اور ہر علاقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے جامع پلان طلب کرلیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

واضح رہے کہ اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق، معاون  خصوصی ذیشان ملک، چیف سیکریٹری، سیکریٹریز، چیف ایگزیکٹو آفیسر آب پاک اتھارٹی زاہد عزیز سمیت دیگر حکام شریک تھے۔

متعلقہ خبریں