اسلام آباد: آئی ایم ایف کے ساتھ طے اہداف کی خلاف ورزی پر پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں 150 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا۔
ذرائع وزارت توانائی کے مطابق رواں مالی سال کے اختتام تک پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 25 سو ارب روپے تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے گردشی قرضہ کنٹرول نہ ہونے کے باعث سخت تشویش کا اظہار کیا ہے، رواں مالی سال کے اختتام تک شرائط کے مطابق پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2310 ارب پر کنٹرول کرنا تھا۔
وزارت توانائی کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 150 ارب روپے سے زائد کا گردشی قرضہ رواں مالی سال کے دوران بڑھے گا، گیس سیکٹر گردشی قرضہ کنٹرول کرنے کیلئے ٹیرف ریبیسنگ بروقت کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
دوسری جانب آئی ایم ایف نے وزارت توانائی سے گردشی قرضے میں اضافہ روکنے کیلئے تجویز کیساتھ پلان مانگ لیا اور مطالبہ کیا کہ آئندہ مالی سال کیلئے پاور، گیس ٹیرف میں اضافہ کیلئے پلان شیئر کیا جائے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف مشن کے وزارت توانائی حکام سے مزید مذاکرات جاری ہیں۔



















