اسلام آباد: آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ 25-2024 کی تیاریاں جاری ہیں جس کے پیش نظر آئندہ بجٹ میں تاجر دوست ایپ میں شامل نہ ہونے والوں کے خلاف کارروائیوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں تاجر دوست ایپ میں شامل نہ ہونے والوں کو نوٹس بھیجے جائیں گے، نئے بجٹ میں تاجر دوست ایپ نہ لینے والوں کو جرمانے عائد کیے جاسکتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ غیر رجسٹرڈ کاروبار کے خلاف انکم ٹیکس آرڈیننس سیکشن 182 کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے، تاجر دوست ایپ نہ لینے والے غیررجسٹرڈ کاروبار پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوسکتا ہے۔
اس کے علاوہ آئندہ بجٹ میں نان فائلرز کے بینکوں سے کیش نکلوانے پر مزید ٹیکس لگانے کی تجویز ہے، نان فائلرز کے بینکوں سے 50 ہزار روپے زائد رقم نکالنے پر 0.6 فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں نان فائلرز پر کیش نکالنے پر ٹیکس کی شرح 0.9 فیصد کرنے کی تجویز ہے جبکہ نان فائلرز کے کیش نکالنے پر ایڈوانس ٹیکس کی مد میں مزید 15 ارب روپے سے زائد جمع کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں غیر ضروری اور لگژری اشیاء کی امپورٹ پر بھی ٹیکس بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے اور 1300 سی سی سے زائد کی امپورٹ گاڑیوں پر بھی ٹیکس بڑھنے کا امکان ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ آئندہ بجٹ میں 850 سی سی سے زائد کی تمام نئی گاڑیوں پر ودہولڈنگ ٹیکس بڑھانے کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے اور غیر ضروری اور لگژری آئٹمز پر ڈیوٹی بڑھائے جانے کا بھی امکان ہے۔
بعدازاں آئندہ بجٹ میں چھٹے شیڈول میں موجود ٹیکس رعایتیں کم کرنے پر بھی غور جاری ہے۔



















