اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے عوام کی سہولت کیلئے بڑے فیصلے کیے۔
نادرا ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران وفاقی وزیر محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں یونین کونسل کی سطح پر شناختی کارڈ بنانے اور تجدید کی سہولت دی جائے گی اور یونین کونسل کی سطح پر بائیو میٹرک مشینیں لگائی جائیں گی۔
وزیر داخلہ نے یونین کونسل کی سطح پر شناختی کارڈ اور تجدید کی سہولت فراہم کرنے کے پلان کو چند روز میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے شناختی کارڈز کے نظام کو فول پروف، بہتر اور تیز رفتار بنانے کا پلان طلب کرلیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ نادرا سینٹرز کے دورے کیے، حالات کا جائزہ لیا، عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، ایسا پلان بنایا جائے جس سے نادرا سینٹرز پر آنے والوں کو آسانی ہو اور کام بلا تاخیر ہو۔
وفاقی وزیر محسن نقوی نے 6 بڑے شہروں میں نادرا سینٹرز میں اضافے کا 7 روز میں پلان طلب کر لیا اور کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں مزید سینٹرز بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات کی ہدایت دیدی۔
محسن نقوی نے جعلی شناختی کارڈ مافیا کے خاتمے کے لئے موثر ایکشن کا بھی حکم دے دیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے نادرا آپریشنل روم کا بھی دورہ کیا اور اس دوران انکو پاکستان بھر کے نادرا سینٹرز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
محسن نقوی نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
بعدازاں وفاقی وزیرمحسن نقوی کی زیرصدارت نادرا ہیڈ کوارٹر کے کانفرنس روم میں اہم اجلاس بھی ہوا جس میں نادرا کو عوام کے لئے مزید فرینڈلی بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا اور نادرا کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔



















