شناختی کارڈ بنوانے والوں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈ کوارٹر کے کانفرنس روم میں اجلاس کی صدارت کی جس میں نادرا کو عوام کے لئے مزید فرینڈلی بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور نادرا کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔دوران اجلاس وفاقی وزیر داخلہ کو پاکستان بھر کے نادرا سنٹرز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام کے بارے بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے عوام کی سہولت کیلئے بڑے فیصلے کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں یونین کونسل کی سطح پر شناختی کارڈ بنانے اور تجدید کی سہولت دی جائے گی، پاکستان بھر میں یونین کونسل کی سطح پر بائیو میٹرک مشینیں لگائی جائیں گی۔
محسن نقوی نے یونین کونسل کی سطح پر شناختی کارڈ اور تجدید کی سہولت فراہم کرنے کے پلان کو چند روز میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے شناختی کارڈز کے نظام کو فول پروف، بہتر اور تیز رفتار بنانے کا پلان طلب کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ نادرا سنٹرز کے دورے کیے، حالات کا جائزہ لیا، عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، ایسا پلان بنایا جائے جس سے نادرا سنٹرز پر آنے والوں کو آسانی ہو اور کام بلا تاخیر ہو۔
وزیر داخلہ نے 6 بڑے شہروں میں نادرا سنٹرز میں اضافے کا 7 روز میں پلان طلب کر لیا، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی میں مزید سنٹرز بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے جعلی شناختی کارڈ مافیا کے خاتمے کے لئے موثر ایکشن کا حکم دیا۔



















