وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر برائے کشمیر امور امیر مقام کا کرغزستان کا دورہ منسوخ ہوگیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر برائے کشمیر امور امیر مقام آج لاہور میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
واضح رہے کہ کرغزستان میں پاکستانی طلبہ کے خلاف پرتشدد واقعات کے بعد نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو آج وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہونا تھا۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بشکیک میں اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور زخمی طلباء کو طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
اس کے علاوہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستانی طلباء کی وطن واپسی کے حوالے سے بھی معاملات کا جائزہ لیں گے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو کرغزستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم کل پورا دن صورتحال کا جائزہ لیتے رہے اور بشکیک میں پاکستانی سفیر سے بھی رابطے میں رہے، صورتحال تسلی بخش ہونے کے باوجود پاکستانی طلباء کو ضروری تعاون اور سہولت کی فراہمی کے لیے یہ وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔



















