پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تہران میں مرحوم ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے اعزاز میں منعقدہ یادگاری تقریب میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دو طرفہ دلچسپی کے امور اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیح بری سے بھی ملاقات کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے مرحوم صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے حوالے سے منعقدہ یادگاری تقریب میں شرکت کی تھی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے مرحوم صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے حوالے سے منعقدہ یادگاری تقریب میں شرکت کی جبکہ تقریب کے دوران وزیراعظم اس ہال میں بھی تشریف لے گئے جہاں مرحوم ایرانی صدر کا جسد خاکی رکھا گیا تھا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے قائم مقام صدر عزت مآب ڈاکٹر محمد مخبر سے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ امت مسلمہ کیلئےابراہیم رئیسی کی خدمات یاد رکھی جائیں گی، مشکل گھڑی میں پاکستان کی حکومت اورعوام ایران کے ساتھ ہیں۔



















