محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں آج بھی سورج کا کہر کم نہ ہوا اور میدانی علاقوں میں ہیٹ ویوو بدستور جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان، سرگودھا، گوجرانوالا، بہاولنگر، بھکر،کوٹ ادو اور رحیم یار خان سمیت پنجاب کے شہروں میں بھی پارہ 40 کراس کر گیا۔
بلوچستان میں بھی گرم ہواؤں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں اور میدانی علاقے سخت گرم ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئی ہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا اور دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردو نواح میں بھی آج موسم شدید گرم رہے گا۔ اسی طرح شہر قائد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر میں دن بھر سمندری ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم مرطوب موسم کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے، تاہم کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر قائد کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔ تاہم آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں گرمی مزید قیامت ڈھا سکتی ہے۔ شہری گرمی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی اور دیگر ٹھنڈے مشروبات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔



















