Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عالمی مالیاتی فنڈ اور پاکستان نے نئے قرض پروگرام پر اہم پیشرفت کی، آئی ایم ایف مشن چیف

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مشن چیف نیتھن پورٹر نے کہا ہے کہ پاکستان نے نئے بیل آؤٹ پیکج کے لیے اسٹاف لیول معاہدے تک پہنچنے کی جانب اہم پیشرفت کی ہے۔

آئی ایم ایف مشن چیف نے دورہ پاکستان کے اختتام پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان سے 13 سے 23 مئی تک بات چیت ہوئی، پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے طویل مذاکرات کیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت آمدن بڑھانے چاہتی ہے، پاکستان میں ٹیکس کی وصولی سب سے منصفانہ چاہتے ہیں۔

2023 کے کامیاب اسٹینڈ بائے ارینجمنٹ کے ذریعے حاصل ہونے والے معاشی استحکام پر آئی ایم ایف نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسٹینڈ بائے ارینجمنٹ کے تحت معاشی استحکام کی روشنی میں فریقین نے اسٹاف لیول ایگریمنٹ کی جانب اہم پیش رفت کی ہے، جامع اقتصادی پالیسی اور اصلاحاتی پروگرام ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی کے ذریعے فراہم کیا جا سکتا ہے۔

نیتھن پورٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی کی لاگت کم کرنے کی ضرورت ہے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے مانیٹری پالیسی استعمال کی جائے۔

آئی ایم ایف مشن چیف نے مزید کہا کہ سرکاری کارپوریشنز کی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی، سرکاری کارپوریشنز کی نج کاری پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، پاکستان سے پالیسی مذاکرات جاری رہیں گے۔

ناتھن پورٹر نے بات چیت کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام آنے والے دنوں میں عملی طور پر پالیسی پر بات چیت جاری رکھیں گے جس کا مقصد بات چیت کو حتمی شکل دینا ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف کی ٹیم نے مشن چیف پاکستان نیتھن پورٹر کی قیادت میں حکومت پاکستان کی درخواست پر دورہ کیا، آئی ایم ایف ٹیم کے دورے کا مقصد پاکستان کے اکنامک پروگرام پر بات کرنا تھا۔

بعدازاں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے 29 اپریل کو اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا دوسرا جائزہ مکمل کیا، جس کے بعد ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں