Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیپلزپارٹی کی بجٹ کی منظوری میں حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے نئے بجٹ کی منظوری میں حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں پیپلز پارٹی کے وفد نے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں بیس سے پچیس فیصد اضافے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپنے وسائل میں رہتے ہوئے تنخواہوں میں اضافہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے وفاق کے ترقیاتی منصوبوں کےلیے فنڈز کی فراہمی تیز کرنے کا بھی مطالبہ کیا، سندھ کے نئے  ترقیاتی منصوبوں کی فہرست بھی وفاقی وزیر احسن اقبال کو پیش کی۔

وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کے حوالے سے اپنی خواہش کا اعادہ کیا، جس پر پیپلز پارٹی نے جواب دیا کہ اس بارے میں حتمی فیصلہ صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔

ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی نے بجٹ کی منظوری میں حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروادی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے وفد نے مالی سال 2024-25 کے بجٹ کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔

ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفدمیں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور شیری رحمان شامل تھیں۔

علاوہ ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ اور وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں