آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مرحوم ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ پاکستان کے سچے دوست تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے ایرانی افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں جنرل عاصم منیر نے ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہارِ افسوس کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے ایرانی صدر اور ان کے رفقا کے انتقال پر اظہار افسوس کیا، 19 مئی کو ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور دیگر حکام انتقال کرگئے تھے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مرحوم ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ پاکستان کے سچے دوست تھے، دونوں رہنماؤں سمیت دیگر کے انتقال سے ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا، پاک فوج کے تمام رینکس مرحومین کے ایصالِ ثواب کیلئے دعاگو ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے سوگوار خاندانوں کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور ایران کی افواج ہر موقع پر ایک ساتھ کھڑی ہیں۔
ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف نے دکھ کی گھڑی میں ساتھ دینے پر آرمی چیف سے اظہارِ تشکر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی جنرل نے دونوں افواج کے درمیان تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



















