محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم دن کے اوقات میں شدید گرمی کے ساتھ گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے، اس دوران کا درجہ حرارت معمول سے 03 سے 05 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
آج اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 21 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ملک کے دیگرحصوں کی طرح صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی علاقے شدید گرم رہیں گے۔ اس دوران درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ تاہم مالاکنڈاور کوہستان میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گائی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پشاورکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ صوبے میں سب سے کم درجہ حرارت دیر میں 13، مالم جبہ میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاہے۔
پنجاب صوبہ کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم شدیدگرم رہنے کی توقع ہے جبکہ دوپہر گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے اس دوران درجہ حرارت معمول سے 06 سے08 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان۔
اسی طرح مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم خشک اور دن کے اوقات میں گرم رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم شدید گرم رہنے کے علاوہ گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس دوران درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کے ساتھ ساحلی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران بالائی اضلاع میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
مزید براں کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ گلگت بلتستان میں شام کے وقت مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔



















