پنجاب میں خسرہ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر دونوں صوبائی وزرا صحت کل کبیروالہ اور ضلع خانیوال جائیں گے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کے مطابق تحصیل کبیر والہ میں خسرہ کے باعث 5 بچوں کی اموات پر فوری نوٹس لے کر سی ای او ہیلتھ خانیوال ڈاکٹر عبد المجید، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (پریوینٹو سروسز) ڈاکٹر فضل الرحمن بلال، ڈی ڈی ایچ او کبیروالہ ڈاکٹر عالم شیر کو معطل کردیا گیا ہے۔
خواجہ عمران نذیرنے کہا کہ ان تینوں افسران کے خلاف باقاعدہ انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اس کے علاوہ روازنہ کی بنیاد پر خسرہ سمیت دیگر وبائی امراض کے کیسز کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔
صوبائی وزیر صحت کے مطابق اسپتالوں میں خسرہ سمیت دیگر وبائی امراض کی ادویات کا وافر اسٹاک موجود ہے، انہوں نے یہ بھی ہدایت کی ہیٹ ویو، خسرہ کے باعث اسپتالوں میں آنیوالے بچوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرکے روازنہ رپورٹ پیش کی جائیں۔
خواجہ عمران نذیر کے مطابق اس ضمن میں وزیر اعلی پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ بچوں سمیت تمام مریضوں کے علاج معالجہ پر کوئی غفلت برداشت نہ کی جائے۔



















