محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی شہرمیں ہیٹ ویوکا دوسراروز ہے جبکہ آج گرمی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
کراچی میں آج پارہ 41 تا 43 ڈگری سینٹی گریڈ چھونے کی توقع ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے گرمی کی شدت 45 تا 47 ڈگری تک محسوس کی جائے گی اس کے علاوہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہرقائد میں کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس وقت شہر میں 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغربی ہوا چل رہی ہے۔
شہر قائد میں آج مطلع صاف رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، تاہم گرمی کی موجودہ لہر یکم جون تک جاری رہے گی۔
ملک دیگرشہروں میں موسم کی صورتحال کچھ اس طرح رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردو نواح میں موسم گرم اورخشک رہنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد میں آج کم سے کم درجہ حرارت 21 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، تاہم شام یا رات میں تیزہوائیں اور جھکڑ چلنے اور گرج چمک ہوسکتی ہے۔
دیگر صوبوں کی طرح خیبرپختونخواہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے ساتھ آندھی اورجھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
کوہستان، سوات، چترال، ایبٹ آباد، ہری پوراور مانسہرہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی پیش گوئی ہے۔
پنجاب صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے ساتھ آندھی یا جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
چکوال، راولپنڈی، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اورنارووال میں آندھی یا جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ مری، گلیات اور گردو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم شد ید گرم رہے گا، جبکہ بعض مقامات پر تیزہوائیں یا جھکڑ چلنے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ کشمیراورگلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ہے۔
آج ملک کے بیشتر شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت کچھ اس طرح ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد 21، لاہور28، کراچی 29، پشاور23، کوئٹہ 16، گلگت 13، اسکردو 08، مری 18، فیصل آباد25 اور ملتان میں 26 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔



















