Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ان کے دورہ چین کی تیاریوں کے حوالے سے آج صبح 7 بجے اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے اپنے چین کے دورے کے دوران دونوں ملکوں کی نتیجہ خیز بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کے حوالے سے جامع پلان ترتیب دینے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے چینی انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی ترغیب دینے کے حوالے سے لائحہ عمل بنانے کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ حکومت چینی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

دوران اجلاس وزیراعظم کو دورہ چین کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جس میں بتایا گیا کہ پاکستان سے صنعت کاروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کا ایک وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ چین کے شہر شینزین جائے گا۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ یہ وفد چینی کاروباری برادری سے ملاقاتیں کرے گا اور پاکستان اور چین کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کے فروغ کے حوالے سے بات چیت کرے گا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے چین میں تعینات پاکستانی سفیر کو پاکستانی کاروباری وفد کو چین میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 4 جون کو چین کے دورہ پر روانہ ہوں گے، تاہم وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی کابینہ سمیت بڑا وفد بھی چین جائے گا۔

متعلقہ خبریں