لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے ڈویلپمنٹ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پیش کیا گیا جس کے بعد وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پراجیکٹ کی منظوری دیتے ہوئے لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ فیزون کی تکمیل کے لئے 10ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے فیز میں لاہور کے چھ زون کی تعمیر ومرمت اور ڈویلپمنٹ کی جائے گی، فیزون کی تکمیل کے بعد فیز ٹو میں دیگر زون کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی جائے گی۔
اجلاس میں ہر زون کی علیحدہ شناخت کے لئے مخصوص کلر استعمال کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے فیز میں راوی، شالیمار، سمن آباد، داتا گنج بخش، نشتر ٹاؤن، گلبرگ اور ریلوے ایریا شامل ہوگا، دوسرے فیز میں علامہ اقبال، واہگہ اور عزیز بھٹی زون کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی جائے گی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پہلے فیز میں چھ زون کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی لاگت کا تخمینہ 74 ارب 15 کروڑ روپے ہے، پہلے فیز میں شامل چھ زون کی 93لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ڈویلپمنٹ پلان میں فراہمی و نکاسی آب کا نظام، رابطہ سڑکوں اور پختہ گلیوں کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹ کی تنصیب اور پارکس کی بحالی بھی ڈویلپمنٹ پلان میں شامل ہے، ہر زون میں سیوریج اور ڈرینج کے پائیدار نظام کے لئے مکمل ڈسپوزل سسٹم قائم کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ڈویلپمنٹ پلان کے لئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بھی قائم کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ذیشان رفیق، معاون خصوصی ذیشان ملک، چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ ساجد ظفر ڈال، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔



















