پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے اعتراف کیا کہ پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانا لندن پلان کا حصہ تھا۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے فیصل آباد میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے کیس میں ایک اور نوعیت ہے کہ میں نے پچیس ہزار کا موٹر سائیکل چوریا، میں نے لوگوں کو مبینہ طور پر اغواء کیا اور ایک ایکسرے مشین بھی چوری کی۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہی وقت ایک ہی موٹر سائیکل پر پورے پنجاب میں گھومتا رہا، پراسیکیوٹر خود بھی ہنستے ہیں کہتے ہیں ہم مجبور ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کا حالیہ انٹرویو سنیں، اس نے انٹرویو میں خود اعتراف کیا کہ جنرل باوجود کے کہنے پر حکومت گرائی تھی، انہوں نے کہا 25 مئی 2022 کو بانی پی ٹی آئی کا بندوبست کیا گیا تھا، بندوبست کرنے کا مطلب کسی کو ٹھکانے لگانا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہم نے اپنے کیسز ٹھکانے لگانے تھے، اس نے اعتراف کیا کہ ہم نے نواز شریف کو اسی بنیاد پر اعتماد میں لیا تھا، یہ سب کچھ لندن پلان کا حصہ تھا۔



















