Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی پر حکومت کرنے والے ہی خوف مسلط کررہے ہیں، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کراچی پر حکومت کرنے والے ہی خوف مسلط کررہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں غزہ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا غزہ مارچ میں کراچی کے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسٹریٹ کرائم میں موبائل چھیننے پر شہریوں کوماردیا جاتا ہے کراچی میں گزشتہ 5ماہ میں 78شہری ڈکیتوں کے ہاتھ مارے گئے اور اس پر بے حسی یہ ہے کہ کہا جاتا ہے بڑے شہروں میں یہ مسائل ہوتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ کراچی ڈکیتی سمیت پانی اور بجلی کے مسائل کا شکار ہے، اس کے علاوہ حکومت عوام کو تعلیم اور روزگار دینے میں بھی ناکام ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا ہے کہ پولیس اور حکومت کی جانب سے بیان آتا ہے کہ واردات کم ہوئی ہیں جبکہ ایک سال کے دوران 90 ہزارواقعات پیش آئے ہیں۔ شہر میں موبائل، موٹرسائیکلیں اور کاریں چھیننے کی وارداتیں بڑھ رہی ہیں۔

 امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ لاہور میں 2 واقعات بھی ہوجائیں تو کہا جاتا ہے غلط ہے، جبکہ کراچی میں نوجوان اور بچے  گھر واپس نہ آجائے والدین دعائیں کرتے رہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ والدین اپنے بچوں کو باہر بھیجنے پر مجبور ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ تھانے کی مدد کے بغیر منشیات کا اڈہ کیسے چل سکتا ہے، اوپر سے نیچے تک سب کرپٹ ہیں، سندھ حکومت کی سرپرستی کے بغیر کیسے یہ کام ہوسکتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہ یہ اسٹریٹ کرمنلز آتے کہاں سے ہیں ایک تو وہ ہیں جنہیں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت یہاں مسلط کیا جاتا ہے جبکہ پھر کچھ لوگ اسے لسانیت کا رنگ دیتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پہلے جو سندھ میں زمینوں پر قبضہ کرتے تھے وہ اب حب پر قبضہ کررہے ہیں، جب کرایے کے ہتھیار دستیاب ہونگے تو کرمنل نہیں پیدا ہونگے تو کون پیدا ہوگا۔ یہ تو آپ کو ایک آدمی نظر آرہا ہے لیکن اس کے پیچھے بہت سی مافیا ہیں۔

امیر جماعت اسلامی  نے کہا کہ کراچی سے کہوں گا کہ اسٹریٹ کرائمز کے خلاف زبردست تحریک چلائیں اس شہر میں 3.5 کروڑ لوگ رہتے ہیں اپنے زندہ پن کا ثبوت دیں، یہ مافیا جو زبردستی مسلط ہوگئے ہیں یہ کچھ نہیں کریں گے۔

حافظ نعیم نے مزید یہ بھی کہا کہ کراچی کے عوام خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، اور حکمران غلط بیانی کر کے آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے۔

متعلقہ خبریں