متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی حفاظت خود کریں گے، گلیوں میں ناکے لگائیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی والوں کو ہتھیار رکھنے کا لائسنس دیا جائے، اسٹریٹ کرائم کے نام پر ہماری نسل کشی ہورہی ہے، آپ تحفظ نہیں دے سکتے تو ہمیں اجازت دے دیں، ہم اپنی حفاظت خود کرلیں گے، پھرآپ سے شکایت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ منظم گینگز کراچی میں کام کر رہے ہیں، کراچی کی گلیوں میں بیریئر لگانے جارہے ہیں، کراچی میں شہریوں کو ہتھیار رکھنے کی اجازت دی جائے۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ چن چن کر ہمارے نوجوانوں کو شہید کیا جارہا ہے، ان نوجوانوں کے قتل کا حساب دینا ہوگا، کل رات ہی ایک اور گولڈ میڈلسٹ کو شہید کردیا گیا۔
انکا کہنا تھا کہ اشرافیہ حکومت کو آواز دے رہے ہیں کہ خدارا ہم پر ظلم بند کیا جائے، قانون نافذ کرنے والے ادارے کہتے ہیں شہر میں امن قائم ہوگیا، کراچی کے نوجوانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، شہری علاقوں کا کوٹہ چھین کر دوسروں کو دیا جاتا ہے، تمام لاانفورسمنٹ ایجنسیوں کو 12 شکایات درج کیں ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ اس شہر میں والدین نے اپنے بچوں کو پڑھایا لکھایا، انجینئر بنایا اور ایک شخص آتا ہے، موبائل کے چکر میں مار جاتا ہے، مرنے والوں کی عمریں 15،16،18 سال ہیں، 3 ماہ میں 78سے زائد نوجوانوں کوماردیا گیا، اگرہماری بات نہیں سنی گئی تو کراچی والوں کواحتجاج کی کال دیں گے۔



















