Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غیرملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں، وزیراعظم

شینزن: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی ترانشیئن ہولڈنگز کے بانی و چیئرمین ژو ژاؤجیانگ  کی شینزن میں ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں چینی کمپنی نے پاکستان میں اپنے موبائل بنانے کے یونٹ میں سرمایہ کاری میں وسعت اور پاکستان میں چار شعبوں موبائل فونز کی تیاری، الیکٹرک بائیکس، جدید زراعت اور فِن ٹیک میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی وزراء اور پاکستان کے چین میں سفیر کو ٹرانشیئن ہولڈنگز کے ساتھ مل کر جلد ایک لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ حکومت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے ٹرانشیئن ہولڈنگز کو پاکستان میں مقامی سطح پر اشیاء تیار کرکے انکی پاکستان سے بیرونِ ملک برآمدات کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان کے پاس ہر قسم کے وسائل ہیں، ہماری سب سے بڑی طاقت ہماری نوجوان افرادی قوت ہے۔

  ملاقات میں ٹرانشیئن ہولڈنگز کے چیئرمین نے وزیرِاعظم کو کمپنی کے پاکستان میں موجودہ آپریشنز، عالمی سطح پر اسکی برآمدات اور پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

 چیئرمین ٹرانشیئن ہولڈنگز نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ کمپنی کا پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری کے حوالے سے پہلے سے ایک یونٹ قائم ہے جس میں 5 ہزار کے سے زائد پاکستانیوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی پاکستان میں موبائل فونز کے حوالے سے اپنی سرمایہ کاری میں وسعت میں گہری دلچسپی رکھتی ہے جس سے موبائل فونز کی تیاری کے بعد پاکستان سے انکی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ ملاقات میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، جام کمال، عطاء اللہ تارڑ اور وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں