وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شینزن میں نانشان ون اسٹاپ سروسز سینٹر اور شینزن ایگزیبیشن میوزیم کا دورہ کیا ہے۔
نانشان ون اسٹاپ سروسز سینٹر پہنچے پر شینزن نانشان دسٹرکٹ پیپلز گورنمنٹ کی پارٹی لیڈرشپ گورنمنٹ کی رکن اور ڈپٹی مئیر لی زنہا نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
نانشان ون اسٹاپ سروسز کے دورے کے دوران وزیرِ اعظم کو کمپنیوں کی ایک ہی چھت تلے رجسٹریشن و دیگر کارروائی کے حوالے سے ڈیجیٹل نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے وفاقی وزراء اور متعلقہ پاکستانی حکام کو آج ہی نانشان ون اسٹاپ سروسز سینٹر کے ساتھ مذاکرات کرکے پاکستان میں ایسے جدید نظام کے قیام کیلئے لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نانشان ون اسٹاپ سروسز میں کمپنی و کاروباری کی رجسٹریشن کیلئے جدید نظام کی تعریف کی اور چینی تعاون سے پاکستان میں فوری طور پر ایسے سینٹر کے قیام کیلئے پاکستانی حکام کو ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے پاکستانی حکام کو شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھی ایسا ہی جدید اور تیز تر نظام متعارف کرانے کی ہدایات بھی دیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے شینزن کے ارتقاء و ترقی کے حوالے سے قائم شینزن ایگزیبیشن میوزیم کا بھی دورہ کیا۔
میوزیم کے دورے کے دوران وزیراعظم کو شینزن کی ترقی کے سفر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے میوزیم کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا اور شینزن کے قلیل مدت میں ترقی کے سفر کی تعریف کی۔



















